بنگلورو،13؍اگست(ایس او نیوز) شہر میں 72؍ ویں یوم آزادی کے جلسے کے لئے فیلڈ مارشل مانک شاہ پریڈ گراؤنڈ میں تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ برہت مہانگر پالیکے کے کمشنر منجوناتھ پرساد ، بنگلور ضلع کے ڈپٹی کمشنر وجئے شنکر اور پولیس کمشنر سنیل کمار نے آج مانک شاہ پریڈ گراؤنڈ میں ان تمام انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے تفصیلات بتائیں۔
مشترکہ اخباری کانفرنس سے مخاطب ہوکر ان تینوں افسروں نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی 15؍ اگست کی صبح 9 بجے قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ہی یوم آزادی تقریبات کا آغاز کریں گے، جس کے بعد مسلح دستوں اور مختلف ثقافتی ٹولیوں کا رنگا رنگ پریڈ پروگرام پیش کیا جائے گا۔ مانک شاہ پریڈ گراؤنڈ میں جلسۂ آزادی کے لئے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ 1500جوان سیکورٹی پر مامور رہیں گے۔ ان کی نگرانی کے لئے 9 ؍ ڈی سی پی ، 16؍ اے سی پی اور 46؍ انسپکٹرس ، اڈیشنل کمشنر آف پولیس کے ماتحت کام کریں گے۔ ہنگامی حالات سے نپٹنے کے لئے تین فائر انجن دوایمبولنس ، اور سریع الحرکت فورس کے دو دستے متعین کئے جائیں گے۔ جلسہ گاہ کی نگرانی کے لئے 50 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔ جلسہ گاہ میں داخل ہونے والے شرکاء کی تلاشی کے لئے چار بیاگیج اسکیانر لگائے جائیں گے۔ جلسہ گاہ میں 1200 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ جبکہ وظیفہ یاب فوجیوں کے لئے 2500 کرسیاں ، محکمۂ دفاع کے لئے 750 اور عوام کے لئے 700کرسیاں بچائی جارہی ہیں۔ پولیس کمشنر نے بتایاکہ جلسہ گاہ میں داخلہ سختی کے ساتھ دعوت نامے پر ہی ہوگا۔ جلسہ گاہ میں پانی کی بوتلیں ، کالا کپڑا وغیرہ لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔